اردو وکی پیڈیا۔ ایک صارف کی گزارشات

پس منظر۔
اردو وکی پیڈیا پر اصطلاحات کے حوالے سے خصوصاَ اور استعمال کی جانے والے زبان کے حوالے سے عموماَ مباحثے بلاگز اور دوسرے مختلف فورمز  پر ہوتے رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں اردو کے معروف بلاگر ابو شامل نے اپنے بلاگ پر اردو وکی پیڈیا کا عمومی موقف اور اس کے جواب میں اپنا ذاتی نقطہ نظر بیان کیا۔ زیر نظر مضمون میں وکی پیڈیا کے ایک صارف کی حیثیت سے چند گزارشات کا بیان کیا گیا ہے تاکہ اس ضمن میں ہر مکتبہ فکر کے موقف کی ترجمانی ہوسکے۔

مقدمہ۔
اردو وکی پیڈیا میں استعمال کی جانے والی زبان اور غیر مقبول نئی اصطلاحات دراصل وکی پیڈیا کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ کسی بھی دوسری پراڈکٹ کی طرح اردو وکی پیڈیا بھی ایک پراڈکٹ ہے جس کی بقا کا ضامن اس کا صارف ہے۔ وکی پیڈیا کو ہم نصابی کتاب یا کسی ادبی شاہکار کا درجہ نہیں دے سکتے بلکہ وکی کا اولین استعمال بطور حوالہ جاتی ماخذ ہی رہے گا اور اگر حوالہ جاتی مضامین کو سمجھنے کے لیے سیکڑوں غیر مستعمل اور نئی اصطلاحات کا سامنا کرنا پڑے اور عام فہم زبان نہ ہونے کی وجہ سے اردو وکی کے صارف متبادل ذرائع جیسے انگریزی وکی پیڈیا پر زیادہ انحصار کریں تو یہ پراڈکٹ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ مانی جائے گی۔

گزارشات۔
مندرجہ بالا پیش کردہ مقدمہ کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے ہم اس چیز کا جائزہ لیتے ہیں کہ وکی پیڈیا دراصل کیاہے اور اس  بنیاد پر بحث کو اس سمت لے کر چلتے ہیں جہاں ہم یہ فیصلہ کرسکیں کہ وکی پیڈیا کیا نہیں ہے اور اس کے نتیجے میں درج کیے گئے مقدمہ کو پرکھ سکیں۔

وکی پیڈیا کی تعریف خود وکی پیڈیا میں کچھ اسطرح درج ہے۔

Wikipedia is an online free-content encyclopedia that anyone can edit and contribute to. Wikipedia co-founder Jimmy Wales has described Wikipedia as “an effort to create and distribute a multilingual free encyclopedia of the highest quality to every single person on the planet in his or her own language.” Wikipedia exists to bring knowledge to everyone who seeks it.

اس تعریف کی رو سے کسی بھی زبان کے وکی پیڈیا کا اُس مخصوص زبان کے بولنے اور سمجھنے والے عام لوگوں تک پہنچ کا ہونا اس کی کامیابی کے لیے ایک لازمی امر ہے۔ بطور انسائیکلو پیڈیا مصدقہ معلومات کا ایک جامع مجموعہ ہونا لازمی شرط ہے نا کہ غیر مقبول زبان اور تجرباتی اصطلاحات کی نرسری۔

اسی تعریف کی رو سے اگر یہ پرکھا جائے کہ وکی پیڈیا کیا نہیں ہے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ

۔ وکی پیڈیا اصطلاح ساز نہیں ہے۔
۔ وکی پیڈیا ادب پارہ نہیں ہے۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ اگر وکی پیڈیا اصطلاح سازی اور ادبی میعارات کے حصول کی سمت نکل جائے تو یہ سمت اسے لازمی طور پر عام لوگوں کی پہنچ اور سمجھ سے دور کردے گی اور اردو وکی پیڈیا کو کم و بیش اسی صورت حال کا سامنا ہے جہاں عام زبان دان تو دور کی بات زبان کی اچھی سمجھ رکھنے والوں کے لیے بھی اصطلاحات بالکل نئی اور غیر منطقی معلوم ہوتی ہیں۔ یہ بات بھی غور طلب ہے کہ وکی پیڈیا کا استعمال ہمیشہ بے ترتیب ہوگا اور غیرمستعمل اصطلاحات کے استعمال کی وجہ سے کبھی بھی عام تلاش کیے گئے الفاظ مضامین تک لنک نہ ہوسکیں گے ہاں اگر عام بول چال میں استعمال کی گئی اصطلاحات بھی مضمون کا حصہ ہوں تو علحیدہ بات ہے لیکن اس صورت میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب عام اصطلاحات ہی صارف کے استعمال کی زبان ہے تو اردو وکی پیڈیا میں ریختہ کے استعمال پر زور کیوں؟

مقدمہ کو مزید واضح کرنے کے لیے اردو وکی پیڈیا سے کچھ اقتباسات پیش کیے گئے ہیں تاکہ اس بات کو بہتر طور سمجھا جاسکے کہ بطور صارف اردو وکی پیڈیا کس طرح ہماری روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی زبان سے مکمل منقطع ہے۔ ذیل میں اردو وکی پیڈیا کے مرکزی صفحہ پر موجود چند غیرموجود الفاظ کا حوالہ پیش کیا گیا ہے۔

نا سمجھ میں آنے والی بات ہے کہ کس طرح یہ فرض کر لیا گیا ہے کہ ایسے الفاظ کا استعمال جو عام اردو لغات تک میں درج نہیں کسی طور زبان، وکی پیڈیا اور عام علم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔چند مثالوں کی مدد سے مسئلے کی اصل تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے اور کم و بیش تمام تیکنیکی اور سائنسی مضامین میں‌صورت حال اسی طرح‌کی ہے۔

نتائج۔
بطور صارف ہمارے لیے اردو وکی پیڈیا میں استعمال کی گئی زبان، غیر معروف اصطلاحات اور کئی حوالوں سے “غیر موجود الفاظ” اس کے استعمال میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وکی پیڈیا کی زبان کو سمجھنے کے لیے موضوع سے ہٹ کر زبان دانی کے سیکڑوں مختلف حوالے درکار ہوں تو اسے کیوں کر استعمال کیا جائے۔ اور اس بات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد صارف ہی رہنا چاہتی ہے اور یہ کہنا کہ تمام لوگ خود اسے بہتر کر لیں یا اصلاح کرلیں بذات خود غیر حقیقی ہے کیونکہ بہر حال صارفین کی تعداد ہمیشہ محقیقن اور مترجمین سے زیادہ رہے گی اور اردو وکی کو با مقصد بنانے کی خاطر زبان دانی کو اولین ترجیح بنانے کے بجائے عام زبان کے استعمال کو فوقیت دی جائے۔

اردو وکی پیڈیا سے وابستہ لوگوں کی قابلیت، تجربہ اور نیت بلاشبہ اپنی جگہ قابل تعریف ہے اور مکمل مضمون کا مقصد صرف یہ نقطہ نظر واضح کرنا ہے کہ اتنی سنجیدگی سے کی گئی یہ محنت فارسی برد نہ ہوجائے۔

آپ کے تبصرے۔ اب تک کل تعداد ۔ (12)

محمد وارث

August 3rd, 2009 at 10:57 pm    


شکریہ راشد صاحب اس مضمون کیلیے، شاید کہ اسی طرح انکے دل میں آپ کی بات اتر جائے۔
مسئلہ یہ ہے کہ اصطلاحات کیلیے وکی پیڈیا کا ماخذ فارسی کی بجائے جدید عربی ہے، عربی سے مجھے بھی محبت ہے لیکن صرف قرآن کی عربی تک، جدید عربی میرے کسی کام کی نہیں لیکن وکی پیڈیا پر ساری اصطلاحات جدید عربی سے اخذ کی جا رہی ہیں، جیسے شمارندہ اور مسرد اور مدونہ اور شبکہ وغیرہ، یہ تو صارف کو اردو سے نفرت پیدا کرنے والی بات ہے۔
میں یہ نہیں‌کہتا کہ فارسی اصطلاحات متعارف کروائیں، جو کہ وہ اپنے مذہبی رجحانات کی وجہ سے نہیں‌کروائیں گے افسوس، لیکن دیکھیئے لاؤڈ سپکیر کیلیے عربی آلہ مکبر الصوت اور ‘بلند گو’ میں‌سے کونسی بہتر ہے۔
دوسری بات یہ کہ انگریز سے نفرت کریں لیکن انگریزی سے نفرت کس لیے؟ یہ بہت لطیف سا فرق ہے جو جذبات کی اندھی پٹی باندھنے سے بالکل ہی نظر نہیں آتا۔

ابوشامل

August 3rd, 2009 at 11:14 pm    


بہت شکریہ راشد صاحب! اس سمت نظر کرم کرنے کا۔ شکر ہے کہ اب برف کچھ پگھلی ہے ورنہ پہلے اردو وکیپیڈيا پر بات کرنا شجر ممنوعہ تھا۔ مجھے یاد ہے اردو محفل پر اردو وکیپیڈيا کے بارے میں پوسٹ کرتا تھا تو تمام تر کوشش کے باوجود ذرہ برابر پیشرفت نہ ہوتی۔ اب کم از کم اتنا تو ہوا ہے کہ لوگ کھل کر اس بارے میں بات کر رہے ہیں۔
آپ کی بات بالکل درست ہے، میں وکیپیڈیا کو ایک صارف دوست ویب سائٹ کی حیثیت سے دیکھنا زیادہ پسند کروں گا۔
میں نے اس سلسلے میں اردو وکیپیڈيا پر عربی زدہ اصطلاحات کے پر جوش حامی ایک منتظم کو یہ معاملہ گوش گزار کرایا ہے اور انہیں دعوت دی ہے کہ وہ اس موضوع پر اپنا موقف بھی بیان کریں تاکہ دونوں اطراف کے بیانات سامنے آئیں۔
وارث صاحب! آپ کے گلے شکوے بھی بالکل درست ہیں۔ لیکن اردو وکی پر عربی کے علاوہ فارسی سے بھی “استفادہ” کیا جا رہا ہے۔ شمارندہ وغیرہ فارسی ہی سے “مستعار” لیے گئے ہیں۔ آپ نے مکبر الصوت اور بلند گو کی جانب توجہ دلائی ہے، ملاحظہ کیجیے اردو وکی پر لاؤڈ اسپیکر کو بلند گو ہی کہا گیا ہے۔

محمد وارث

August 4th, 2009 at 3:41 am    


خوشی ہوٕٕئی یہ جان کر کہ وکی پر ‘بلند گو’ استعمال ہو رہا ہے، لیکن اگر قیامت تک بھی استعمال کرتے رہیں تو ‘کمپیوٹر’ کے مقابلے میں ‘شمارندہ’ کبھی رإئج نہیں ہوگا چہ جإ ئیکہ کہ مدونہ اور شبکہ جیسی غریب اصطلاحات استعمال ہوں جن کا ‘مادہ’ بھی کسی نے نہ سنا ہوگا۔

راشد کامران

August 4th, 2009 at 11:17 am    


وارث صاحب اور ابوشامل صاحب آپ حضرات کا شکریہ۔۔ امید ہے کہ ہر طرف کے لوگوں کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے درمیان کی کوئی راہ نکل آئے گی جو تمام لوگوں‌کے لیے قابل قبول ہو۔ ہر ایک کا مقصد اردو وکی کی ترقی ہی ہے اور اس کے لیے جس چیز کو وہ بہتر سمجھتے ہیں اس رائے کا اظہار کردیتے ہیں۔ بہر حال یہ منتظمین پر ہے کہ وہ کس طرح‌ ان مختلف آئیڈیاز کو اردو وکی کا حصہ بناتے ہیں۔

ابوشامل

August 5th, 2009 at 4:58 am    


نہیں وارث صاحب! ایسا نہیں ہے کہ شمارندہ وغیرہ کی اصطلاح رائج نہیں ہو سکتی۔ اصل میں اصطلاحات سازی اور پھر انہیں رائج کرنا ایک خاص و طویل طریقے کا متقاضی ہے۔ جیسا کہ ہمیشہ ہوتا آیا ہے کہ جب بھی کوئی زبان تبدیلی کے کسی بڑے مرحلے سے گزرتی ہے تو سب سے پہلا قدم سرکاری سرپرستی ہوتا ہے۔ ترکی میں ایسا ہوا، سرکاری سرپرستی کے نتیجے میں اسے عربی و فارسی سے “پاک” کیا گیا، وسط ایشیا میں بولی جانے والی زبانوں کو اشتراکی عہد میں تبدیلی کے مراحل سے گزارا گیا اور پہلے لاطینی اور پھر سیریلک رسم الخط میں منتقل کیا گیا تو ان تمام مراحل میں پہلا مرحلہ ہی یہ تھا کہ سرکار اداروں کے قیام کے ذریعے نئے رسم الخط میں منتقلی، ترجمہ کاری اور اصطلاحات سازی کا عمل شروع کرے اور پھر کتب و ذرائع ابلاغ کے ذریعے اسے فروغ دے۔ چاہے اصلاحات کتنی ہی مشکل اور انجان کیوں نہ ہوں بالآخر معاشرے میں رائج ہو جاتی ہیں۔ اس کی زندہ مثال ہمارے سامنے ترکی کی ہے جہاں آج بولی جانے والی ترکی 80 – 90 سال پرانی ترکی سے یکسر مختلف ہے۔ دوسری جانب اگر یہی کام انفرادی سطح پر کوئی کرتا ہے تو چاہے وہ کتنا ہی اعلیٰ ہو، قبولیت عام اسی لیے حاصل نہیں کرے گا کہ انفرادی شخص کا اثر و رسوخ اتنا زیادہ نہیں ہو سکتا کہ وہ پوری قوم پر حاوی ہو سکے۔ بالکل اسی طرح وکیپیڈیا کو یہ اختیار کوئی بھی اردو بولنے والا تفویض نہیں کر سکتا کہ وہ اردو میں اصطلاحات سازی کا کام کرے۔ یہ کام جن کا ہے انہیں کرنے دیا جائے، اگر وہ نہیں کر رہے تو انتظار کیا جائے، اس کے علاوہ ہم کچھ نہیں کر سکتے۔

عمر احمد بنگش

August 5th, 2009 at 1:00 pm    


راشد صاحب بہت خوبی سے آپ نے مدعا بیان کردیا، بات دراصل یہ ہے کہ صاحب، بے شک جو لوگ کسی بھی صورت میں، ویکیپیڈیا، بلاگ یا فورمز پر اردو کو ترجیح‌دے رہے ہیں‌بلاشبہ باد مخالف کو للکار رہے ہیں۔ دراصل بات کچھ ایسی ہے کہ میرے جتنے ہم عصر ہیں بشمول میرے پہلی جماعت سے ہی انگریزی میں‌سبق حاصل کرتے آئے ہیں، تو اب یہ بڑا مشکل ہو گیا ہے کہ ہم اردو میں‌اس طور لکھ سکیں‌جس طرح‌حق ہے۔ پھر مسئلہ وہی ہے کہ جو اصطلاحات استعمال ہو رہی ہیں، پہلے تو یقین کیجیے کم از کم مجھے سمجھ ہی نہیں‌آتیں‌، لکھنا تو دور کی بات۔ جیسے اب یہی مثال لے لیں‌کہ عربی میں‌نے نہیں‌پڑھی، کیونکہ ہمارا وقت آنے تک نصاب سے خارج ہو چکی تھی، اور جو تھوڑی بہت اسلامیات میں‌لازم تھی وہ اسلامیات کے استادوں‌کی مار سے ہوا ہو گئی، تو اب ایک عام طالبعلم یا شخص جیسے کہ میں اب ویکیپیڈیا یا معیاری اردو جس میں‌بھاری بھرکم الفاظ‌کا بخوبی استعمال کیا جا سکے، اس معیار پر پورا نہیں‌اترتے۔ اب یہ واقعی محنت طلب اور کل وقتی کام بن چکا ہے۔
وقت کی تنگی دوسرا مسئلہ ہے، کہ پہلے تو آپ اردو ویکیپیڈیا کی اصطلاحات ازبر کریں‌اور پھر لکھیں۔ یہ کسی طور بھی ممکن نہیں‌ہے۔ بہتری کوشش کی لیکن بےسود۔

نبیل

August 6th, 2009 at 3:11 pm    


فہد میرے بہت عزیز دوست ہیں اور میں ان کی صلاحیتوں کا بھی معترف ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اردو وکی پیڈیا کے حوالے سےمختلف پلیٹ فارمز پر جو مباحث کر رہے ہیں وہ پورے خلوص دل سے کر رہے ہیں لیکن شاید انہیں اس بات کا احساس نہیں ہو رہا کہ اس پوری بحث سے محض انتشار پھیلنے کے علاوہ اور کچھ حاصل نہیں ہو رہا ہے۔ مجھے کچھ ایسا بھی معلوم ہو رہا ہے کہ وہ دوسروں کے منہ میں اپنی مرضی کے الفاظ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ابھی ان کے بلاگ پر دوبارہ اردو وکی پیڈیا کی انتظامیہ کا مؤقف شائع ہوا ہے جس پر تبصرہ کرنے کی آپشن موجود نہیں ہے۔ میرے خیال میں اس انداز میں پیش کیے گئے مؤقف کو پڑھنے کے بعد کم ہی لوگ اردو وکی پیڈیا پر کام کرنے یا وہاں تعاون کرنے کے لیے آمادہ ہوں گے۔ ان لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دینا زیادہ بہتر ہوگا۔

ابوشامل

August 7th, 2009 at 12:20 am    


نبیل بھائی نیک خواہشات کا بہت شکریہ۔ ایک منتشر قوم میں مزید انتشار پھیلنے سے اس کا کچھ نہیں بگڑے گا :) اس لیے سوچا کہ انتشار کی اس بہتی گنگا میں میں بھی ہاتھ دھو لوں۔ ویسے میں آپ کی اس بات کو سمجھ نہيں پایا کہ میں دوسرے کے منہ میں اپنی مرضی کے الفاظ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
میں نے پہلے اردو وکی انتظامیہ کا وہ خط پیش کیا جس میں وہ بلاگرز اور وکیپیڈیا کے درمیان خلیج کو پاٹنے کی کوشش کر رہے تھے، اس کے بعد اصطلاحات سازی کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا اور پھر اصطلاحات سازی ہی پر وکی انتظامیہ کا حتمی موقف۔ اس میں میں صرف اپنے ذاتی موقف کا جواب دہ ہوں۔ یک سطر میں میرا موقف یہ ہے کہ “اردو میں اصطلاحات سازی وکیپیڈیا کا کام نہیں”۔
اردو انتظامیہ کے آخری موقف پر، جو میرے بلاگ پر پیش ہوا ہے، اس میں تبصرے کا آپشن موجود ہے، چند افراد نے تبصرے کیے بھی ہیں۔ شاید کسی تکنیکی خرابی کے باعث چند لمحوں کے لیے تبصرہ خانہ غائب ہو گیا ہوگا۔ اب دوبارہ دیکھ سکتے ہیں۔
اس معاملے کو سنجیدہ انداز میں لینے اور لائق تبصرہ سمجھنے کا بہت شکریہ۔ آپ اور دیگر چند ساتھیوں کی رائے اس سلسلے میں بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

راشد کامران

August 7th, 2009 at 11:35 pm    


آج وکی اردو سے بھیجی جانے والی ای میل کے بعد میں نبیل سے سو فیصد اتفاق کرتا ہوں کہ انہیں ان کے حال پر چھوڑ دینا چاہیے۔ یہاں شاید درمیانی راستہ نہیں‌ہے۔

محب علوی

August 12th, 2009 at 2:19 am    


راشد بہت اچھا کیا کہ اس موضوع پر لکھا اور اظہار خیال کیا کیونکہ یہ ایک بہت اہم اور حساس موضوع ہے اور تقاضہ کرتاہے کہ اس پر بھرپور توجہ دی جائے۔
فہد کے ساتھ ساتھ میں بھی اردو وکیپیڈیا کی انتظامیہ اور بلاگر حضرات کے درمیان خلیج پاٹنے کی کوشش میں ہوں تاکہ اردو وکیپیڈیا کو اسی طرح کار آمد بنایا جا سکے جس طرح انگریزی وکیپیڈیا ہے۔ کام مشکل ضرور ہے مگر نا ممکن نہیں اور میں آپ سے گزارش کروں گا کہ آپ ایک دو مضامین وکیپیڈیا کے لیے لکھیں اور پوسٹ کریں اور وکیپیڈیا کا حصہ بن جائیں کیونکہ وہاں بھی فیصلہ اکثریت کی رائے سے ہوتا ہے جب تک وہاں ہم جیسے ہم خیال لوگ نہ ہوں گے تب تک مسائل حل نہ ہوں گے۔

راشد کامران

August 12th, 2009 at 11:55 am    


محب بھائی دیکھیں بطور صارف میں ایک زیادہ اہم ذمہ داری نبھا رہا ہوں‌ کہ وکی سے وابستہ لوگوں‌ کو عام لوگوں کی ضروریات سے آگاہ کرسکوں۔ آپ کی نظروں‌سے اردو وکیپیڈیا کی حالیہ ای میلز گزری ہوں گی اس سے کم از کم مجھے یہ تاثر ملتا ہے کہ اردو وکی سے وابستہ لوگ کسی صورت کوئی دوسری رائے سننے کو تیار نہیں۔ حالانکہ آپ کوئی بھی عام رائے شماری کرا کے دیکھ لیں صارفین کی اکثریت کے لیے اردو وکی پیڈیا کی اصطلاحات اور زبان سمجھنا مشکل ہے۔ اور یہ بات اچھی اردو سمجھنے اور لکھنے والے لوگ بھی کر رہے ہیں۔

عبید رضا

October 5th, 2017 at 6:00 am    


میں تین سال سے اردو ویکی پر سرگرم ہوں، اور اس وقت منتظم بھی ہوں، اصولی بات یہ ہے کہ! اس کام کو کسنے درست کرنا ہے، کیا کہیں اور سے لوگ آئیں گے؟ جب یہ رضاکارانہ کام ہے تو وہاں پر کام کریں، تبھرہ کریں اور تنقید کریں، جہاں وہ لوگ موجود ہوں جو اس کو درست کرنےکے مجاز ہیں۔ ہم نے اکثر ایسی اصطلاحات کو حتم کر دیا ہے، آپ شمارندہ لکھیں کر جیسے ہی اسپیس کا بٹن دبائیں گئے، شمارندہ کا لفظ کمپیوٹر سے بدل جائے گا، ہم بوٹ سے اور دیگر آلات سے بھی املا اور انشا اور خود ساختہ اصطلاحات کی درستی کر رہے ہیں، بیسوں ایسے صفحات مٹا دیئے ہیں، جن کا عنوان اور متن خودساختہ اصطلاحات سے پر تھا۔ ابھی بہت کچھ باقی ہے کرنے کا، لیکن ہم تھکے نہیں، سفر جاری ہے، ہم سب ٹھیک کا اعلان تو کبھی نہیں کر سکتے، لیکن ہم اپنے حصے کا کام کر رہے ہیں، آئیں اپنے حصے کا ایک مضمون اردو ویکی پر لکھیں!

اس بارے میں اپنی رائے کا کھل کر اظہار کریں

Name *

Mail *

Website